
دمبولا: لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) 2026 کے 14ویں میچ میں گالے گیلنٹس نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دمبولا سکسرز کو 43 رنز سے شکست دے دی۔ چمیکا کرونا رتنے کی دھواں دار اننگز اور سچیندو کولومبیگے کی مؤثر باؤلنگ اس کامیابی کی بنیاد بنی۔
221 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں دمبولا سکسرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بنا سکی اور یوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دمبولا کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور نیروشن ڈکویلا نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے ابتدائی تین اوورز میں 49 رنز کی شراکت قائم کی۔ فرحان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ڈکویلا نے 19 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی جس میں سات چوکے شامل تھے۔
ابتدائی دباؤ کے باوجود گالے گیلنٹس کے باؤلرز نے زبردست واپسی کی۔ سچیندو کولومبیگے نے مسلسل وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دمبولا سکسرز کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کر دیا، جس کے نتیجے میں ٹیم 13 اوورز کے اندر 98 رنز پر 6 وکٹیں گنوا بیٹھی۔
بعد ازاں رمیش مینڈس نے مزاحمت کرتے ہوئے 22 گیندوں پر ناقابلِ شکست 39 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے، تاہم مطلوبہ رن ریٹ مسلسل بڑھنے کے باعث وہ اپنی ٹیم کو کامیابی تک نہ پہنچا سکے۔
گالے گیلنٹس کی جانب سے سچیندو کولومبیگے نے تین اہم وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اس سے قبل گالے گیلنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
سام ہارپر اور نورالحسن نے ٹیم کو برق رفتار آغاز فراہم کیا اور صرف 3.3 اوورز میں 40 رنز جوڑ دیے۔ نورالحسن نے صرف 13 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
نورالحسن کے آؤٹ ہونے کے بعد سام ہارپر اور چارتھ اسالنکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری کی شراکت قائم کی۔ اسالنکا نے 31 جبکہ ہارپر نے 41 رنز بنائے، تاہم نویں اوور میں دونوں بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
اننگز کے وسط میں گالے گیلنٹس کا اسکور 3 وکٹوں پر 108 رنز تھا۔ چند تیز وکٹیں گرنے کے بعد چمیکا کرونا رتنے نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
انہوں نے صرف 34 گیندوں پر 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں چھ فلک شگاف چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ ان کی برق رفتار بیٹنگ نے گالے گیلنٹس کو 220 رنز کے مضبوط مجموعے تک پہنچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
دمبولا سکسرز کی جانب سے دشمنتھا چمیرا نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم ان کی یہ عمدہ کارکردگی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
مزید پڑھیں: حماد اعظم کی ناقابلِ شکست نصف سنچری، سان فرانسسکو یونیکورنز کی سنسنی خیز فتح






