
پروویڈنس: پاکستانی آل راؤنڈر حماد اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلوبل سپر لیگ (GSL) 2026 میں سان فرانسسکو یونیکورنز کو پرتھ اسکارچرز الیون کے خلاف پانچ رنز سے اہم کامیابی دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں سان فرانسسکو یونیکورنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ ٹیم کی ابتدائی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی اور اسکور 42 رنز پر ایک وکٹ سے بڑھ کر صرف 46 رنز پر پانچ وکٹیں ہو گیا۔
مشکل صورتحال میں حماد اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پوری اننگز کو سنبھالا۔ انہوں نے 46 گیندوں پر ناقابلِ شکست 64 رنز بنائے، جس میں پانچ شاندار چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔ ان کی عمدہ اننگز نے ٹیم کو ایک قابلِ دفاع مجموعہ فراہم کیا۔
153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پرتھ اسکارچرز الیون کی شروعات بھی مایوس کن رہی۔ آندرے فلیچر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جوئل کرٹس 16 رنز کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
ڈارسی شارٹ نے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی امیدیں برقرار رکھنے کی کوشش کی۔ انہوں نے عثمان خان (14) اور ایشٹن ٹرنر (13) کے ساتھ مفید شراکتیں قائم کیں، تاہم وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
16ویں اوور میں 103 کے مجموعی اسکور پر ڈارسی شارٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد پرتھ اسکارچرز الیون کی پوزیشن کمزور دکھائی دینے لگی، لیکن بروڈی کاؤچ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقابلہ دوبارہ دلچسپ بنا دیا۔
بروڈی کاؤچ نے صرف 12 گیندوں پر 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اکھیل حسین کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے 39 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس سے آخری اوور تک میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔
تاہم مطلوبہ رن ریٹ مسلسل بڑھتا رہا اور پرتھ اسکارچرز الیون مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا سکی۔ اکھیل حسین 16 رنز بنا کر اننگز کی آخری سے ایک گیند قبل آؤٹ ہوگئے اور یوں سان فرانسسکو یونیکورنز نے پانچ رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
فاتح ٹیم کی جانب سے غلام مدثر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں: بھارت نے زمبابوے کو کلین سوئپ کر دیا، ویبھو سوریہ ونشی کی شاندار اننگز






