
ہرارے: زمبابوے کے خلاف ٹی20 سیریز میں مسلسل دو کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد بھارت نے آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔ سیریز اپنے نام کرتے ہی بھارتی ٹیم ایک بار پھر عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آ گئی۔
اس سے قبل انگلینڈ کے ہاتھوں چار صفر سے سیریز ہارنے کے بعد بھارت پہلی پوزیشن سے محروم ہو گیا تھا۔ تاہم 2026 کے عالمی چیمپئن نے زمبابوے کے دورے کے ابتدائی دونوں میچ جیت کر دوبارہ نمبر ون کا اعزاز حاصل کر لیا۔
پہلے ٹی20 میچ میں بھارت نے میزبان ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی ٹی20 کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر نے صرف 19 گیندوں پر 50 رنز بنائے، جن میں چار چھکے اور چار چوکے شامل تھے، اور 126 رنز کا ہدف آسانی سے حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سیریز کے دوسرے ٹی20 مقابلے میں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ ایشان کشن نے جارحانہ انداز میں 81 رنز بنائے، جبکہ تلک ورما 60 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی۔
جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 129 رنز پر 17 اوورز کے اندر آؤٹ ہو گئی۔ بھارتی اسپنر ابھیشیک شرما نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین اہم وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد ایشان کشن نے اپنی اننگز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ کے دوران حالات کو سمجھنا سب سے اہم ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے باوجود نمبر تین پر آنے والے بلے باز کی ذمہ داری یہی ہوتی ہے کہ وہ گیند کو اچھی طرح دیکھے اور اپنی فطری انداز میں بیٹنگ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ کے رویے کو سمجھنا بھی ضروری تھا کیونکہ ٹیم یہ جاننا چاہتی تھی کہ آیا 230 یا 250 رنز بنائے جا سکتے ہیں یا پھر 170 سے 180 رنز ہی مناسب ہدف ثابت ہوں گے۔
ایشان کشن نے بتایا کہ شریاس آئر کے کریز پر آنے کے بعد دونوں بلے بازوں کی کوشش تھی کہ مضبوط شراکت قائم کی جائے اور اننگز کو آخری اوورز تک لے جایا جائے۔ ان کے مطابق ٹیم نے اپنی منصوبہ بندی پر کامیابی سے عمل کیا، جس کا نتیجہ بڑی فتح کی صورت میں سامنے آیا۔
مزید پڑھیں: شان مسعود کی ناقابل شکست نصف سنچری، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو بھرپور جواب دے دیا






