خرم شہزاد اور محمد عباس پر آئی سی سی کی جانب سے کارروائی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا

پاکستان کے فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے بدھ کے روز دونوں کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا اعلان کیا۔

آئی سی سی کے مطابق خرم شہزاد پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ محمد عباس کو سرکاری تنبیہ (Official Reprimand) جاری کی گئی۔

یہ کارروائی آئی سی سی ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کے تحت کی گئی، جس کا تعلق ایسے الفاظ، حرکات یا اشاروں سے ہے جو کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد اسے اشتعال دلانے یا اس کی تضحیک کا باعث بن سکتے ہوں۔

خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کے 17ویں اوور میں شائی ہوپ کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منانے پر سزا دی گئی۔ دوسری جانب محمد عباس کو جومیل واریکن کی وکٹ لینے کے بعد انتہائی جوشیلے انداز میں جشن منانے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا۔

آئی سی سی نے دونوں پاکستانی فاسٹ بولرز کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کی یہ پہلی خلاف ورزی ہے۔

یہ سزائیں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن جیف کرو کی سفارش پر دی گئیں۔ خرم شہزاد اور محمد عباس نے اپنی غلطی تسلیم کر لی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

دونوں کھلاڑیوں پر الزامات آن فیلڈ امپائرز الیکس وارف اور رچرڈ کیٹلبرو جبکہ تھرڈ امپائر جیارامان مدناگوپال نے عائد کیے۔

آئی سی سی کے ضابطے کے مطابق لیول ون خلاف ورزی پر کم از کم سرکاری تنبیہ اور زیادہ سے زیادہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیے جا سکتے ہیں۔

اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے اندر چار یا اس سے زیادہ ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کر لیتا ہے تو یہ معطلی کے پوائنٹس میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں متعلقہ کھلاڑی پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: محمد عامر نے شاہین آفریدی کی فارم میں کمی کی بڑی وجہ بیان کر دی

ٹین اسپورٹس

ٹین اسپورٹس کھیلوں کی دنیا کا ایک قابلِ اعتماد پلیٹ فارم ہے، جہاں کرکٹ، فٹبال، ٹینس اور دیگر عالمی کھیلوں کی لائیو اسٹریمنگ، تازہ ترین خبریں، میچ شیڈول، نتائج اور ہائی لائٹس ایک ہی جگہ دستیاب ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button