
تاروبا: پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پاکستانی فاسٹ بولرز میں بہترین بولنگ اوسط کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز کے دوران محمد عباس نے برانڈن کنگ اور کاویم ہوج کو آؤٹ کر کے یہ منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل وہ پہلی اننگز میں بھی تین وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔
محمد عباس اب تک 30 ٹیسٹ میچوں میں 115 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور ان کی بولنگ اوسط 22.78 ہے۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے سابق کپتان عمران خان کی 22.81 کی اوسط کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر وقار یونس ہیں، جنہوں نے 87 ٹیسٹ میچوں میں 373 وکٹیں 23.56 کی اوسط سے حاصل کیں۔
کم از کم 100 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے بہترین بولنگ اوسط رکھنے والے فاسٹ بولرز
- محمد عباس — 30 ٹیسٹ، 115 وکٹیں، اوسط 22.78
- عمران خان — 88 ٹیسٹ، 362 وکٹیں، اوسط 22.81
- وقار یونس — 87 ٹیسٹ، 373 وکٹیں، اوسط 23.56
محمد عباس نے 2017 میں کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ اس موقع پر اُس وقت کے قومی کپتان مصباح الحق نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی تھی۔
فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار ریکارڈ رکھنے کے باوجود محمد عباس تین برس سے زائد عرصے تک قومی ٹیسٹ ٹیم سے باہر رہے۔ تاہم دسمبر 2025 میں سینچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف انہیں دوبارہ موقع ملا اور انہوں نے واپسی کے بعد ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔
سال 2026 میں اب تک وہ صرف تین ٹیسٹ میچوں میں 15 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں، جن میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کی شاندار کارکردگی بھی شامل ہے۔ ان کی مسلسل عمدہ بولنگ نے انہیں پاکستان کے اہم ترین فاسٹ بولرز میں دوبارہ نمایاں مقام دلا دیا ہے۔
محمد عباس کی کامیابیاں صرف ٹیسٹ کرکٹ تک محدود نہیں۔ وہ موجودہ فعال فرسٹ کلاس بولرز میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے 220 فرسٹ کلاس میچوں میں 894 وکٹیں 20.36 کی متاثرکن اوسط سے حاصل کی ہیں۔
فعال فرسٹ کلاس بولرز میں سب سے زیادہ وکٹیں
- جیمز اینڈرسن — 312 میچ، 1,181 وکٹیں، اوسط 24.30
- سائمن ہارمر — 247 میچ، 1,054 وکٹیں، اوسط 26.18
- ملندا پشپ کمارا — 174 میچ، 1,010 وکٹیں، اوسط 20.05
- محمد عباس — 220 میچ، 894 وکٹیں، اوسط 20.36
- نیتھن لائن — 238 میچ، 860 وکٹیں، اوسط 32.19
محمد عباس کی حالیہ فارم نہ صرف پاکستانی ٹیم کے لیے خوش آئند ہے بلکہ ان کے یہ اعدادوشمار اس بات کا ثبوت بھی ہیں کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے کامیاب ترین پاکستانی فاسٹ بولرز میں اپنی جگہ مزید مضبوط کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: محمد عباس کی تباہ کن بولنگ، ویسٹ انڈیز کی برتری خطرے میں پڑ گئی






