
جوہانسبرگ: آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کے میزبان شہروں اور وینیوز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ میگا ایونٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، جہاں مجموعی طور پر 12 میدانوں میں مقابلے کھیلے جائیں گے۔
جوہانسبرگ میں منعقدہ تقریب کے دوران میزبان شہروں کی نقاب کشائی کی گئی۔ جنوبی افریقہ کے آٹھ میدان ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے، جبکہ زمبابوے کے تین اور نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک کا ایک میدان بھی میچز کی میزبانی کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ، سابق فاسٹ بولر مخایا اینٹینی، ہاشم آملہ، موجودہ کپتان ٹیمبا باووما اور فاسٹ بولر کگیسو ربادا شریک ہوئے۔ ان کے ساتھ زمبابوے کے سابق کپتان ہیملٹن مساکادزا اور نمیبیا کے روڈولف یانسن فان وورین بھی موجود تھے۔
50 اوورز پر مشتمل مردوں کا ورلڈ کپ 24 برس بعد دوبارہ افریقی سرزمین پر منعقد ہوگا۔ اس سے قبل 2003 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور کینیا نے مشترکہ طور پر ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس ایونٹ کا مرکزی موضوع "Three Nations, One Heartbeat” رکھا گیا ہے، جو تینوں میزبان ممالک کے باہمی اشتراک کی علامت ہے۔
منتظمین نے ٹورنامنٹ کی نئی شناخت بھی متعارف کرائی، جسے افریقی فلسفہ Ubuntu یعنی "میں ہوں کیونکہ ہم ہیں” سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ "Make the Circle Bigger” کا نعرہ بھی پیش کیا گیا، جبکہ بصری شناخت روایتی افریقی تار سے بنی ٹوکری سے متاثر ہے اور اس میں تینوں میزبان ممالک کے رنگ شامل کیے گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ اس سے قبل بھی کئی اہم آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کر چکا ہے، جن میں 2007 کا پہلا مردوں کا ٹی20 ورلڈ کپ، 2023 کا خواتین کا ٹی20 ورلڈ کپ اور متعدد انڈر 19 ورلڈ کپ شامل ہیں۔
زمبابوے دوسری مرتبہ مردوں کے ورلڈ کپ کا شریک میزبان بنے گا، جبکہ نمیبیا اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سینئر آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس سے پہلے نمیبیا انڈر 19 مردوں کے ورلڈ کپ کے چند میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔
ورلڈ کپ 2027 کا نیا فارمیٹ
ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے اور اس بار مقابلوں کے لیے تین مراحل پر مشتمل نیا فارمیٹ متعارف کرایا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں سپر سیریز کھیلی جائے گی، جس میں عالمی درجہ بندی کی 12ویں سے 14ویں پوزیشن والی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
مرکزی مرحلے میں 12 ٹیموں کو چھ، چھ ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم اپنے گروپ کی تمام ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی۔ دونوں گروپس کی ابتدائی تین، تین ٹیموں کے ساتھ بہترین چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم سپر سیون مرحلے میں پہنچے گی۔
سپر سیون مرحلے میں 21 میچز ہوں گے، جہاں سے سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھے نمبر کی ٹیم سے ہوگا، جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں فاتح ٹیمیں فائنل میں ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
ورلڈ کپ 2027 کے میزبان وینیوز
جنوبی افریقہ
- وانڈررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ
- سینچورین، تشوانے
- نیولینڈز کرکٹ گراؤنڈ، کیپ ٹاؤن
- کنگزمیڈ کرکٹ گراؤنڈ، ڈربن
- سینٹ جارجز پارک، گکیبیرا
- مانگاؤنگ اوول، بلوم فونٹین
- بولینڈ پارک، پارل
- بفیلو پارک، کوگومپو سٹی (سابقہ ایسٹ لندن)
زمبابوے
- ہرارے اسپورٹس کلب، ہرارے
- کوئنز اسپورٹس کلب، بلاوایو
- فالے موسی اوآ ٹونیا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، وکٹوریہ فالز
نمیبیا
- نمیبیا کرکٹ گراؤنڈ، ونڈہوک
مزید پڑھیں: لٹن داس بنگلہ دیش کی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر






