
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ (2025-29) کی تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ میزبان ٹیم نے 188 رنز کا ہدف صرف 37.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ہمبنٹوٹا کے مہندا راجاپاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہرشیتھا سماراوکراما نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 گیندوں پر ناقابلِ شکست 71 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے، جبکہ انہوں نے پوری سیریز میں مجموعی طور پر 173 رنز اسکور کیے۔ دوسرے ون ڈے میں ان کی ناقابلِ شکست سنچری بھی اسی تسلسل کا حصہ رہی، جس پر انہیں سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کو پہلی کامیابی فاطمہ ثنا نے دلائی جب انہوں نے ساتویں اوور میں وشمی گونارتنے کو 12 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ اس وقت سری لنکا کا مجموعہ 46 رنز تھا۔
اس کے بعد ہرشیتھا سماراوکراما اور چماری اتھاپاتھو نے تیسری وکٹ کے لیے 39 رنز کی شراکت قائم کی۔ اتھاپاتھو نے صرف 38 گیندوں پر جارحانہ 52 رنز بنائے، جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ان کی اننگز کا خاتمہ آف اسپنر اُمِ ہانی نے کیا۔
دوسری وکٹ گرنے کے بعد ہرشیتھا سماراوکراما اور حسینی پریرا نے پاکستان کو مزید کوئی موقع نہ دیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 106 رنز کی شراکت قائم کی۔ حسینی پریرا نے 77 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 50 رنز اسکور کیے، جبکہ سماراوکراما نے اپنے ون ڈے کیریئر کی نویں نصف سنچری مکمل کی۔
پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو نے اگرچہ کوئی وکٹ حاصل نہ کی، تاہم انہوں نے اپنے 10 اوورز میں صرف 23 رنز دیے، جن میں ایک میڈن اوور بھی شامل تھا۔ فاطمہ ثنا نے آٹھ اوورز میں 34 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ اُمِ ہانی کے حصے میں بھی ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ سری لنکا کی فاسٹ بولر چیتھانا وِمکتھی نے دوسرے ہی اوور میں تین اہم بلے بازوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔
صدف شمس دو چوکوں کی مدد سے مختصر مزاحمت کے بعد وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئیں، جبکہ سدرہ امین بھی کیچ دے بیٹھیں۔ عائشہ ظفر بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہو گئیں، تاہم منیبہ علی نے ہیٹ ٹرک گیند کا کامیابی سے سامنا کیا۔
ابتدائی نقصان کے باوجود منیبہ علی اور گل فیروزہ نے چوتھی وکٹ کے لیے 82 گیندوں پر 68 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے پاکستان کی اننگز کو سہارا دیا۔ گل فیروزہ نے 35 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے، مگر چماری اتھاپاتھو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔
منیبہ علی نے 71 گیندوں پر 34 رنز بنائے، جن میں تین چوکے شامل تھے، لیکن وہ اپنی اننگز کو بڑی باری میں تبدیل نہ کر سکیں اور انوکا راناویرا کا شکار بنیں۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر 41 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے، تاہم وہ بھی کاویشا دلہاری کی تین وکٹوں میں شامل ہو گئیں۔
فاطمہ ثنا اور ناجیہ علوی نے ایک مرحلے پر 22 گیندوں پر 30 رنز جوڑ کر پاکستان کو مکمل 50 اوورز کھیلنے کی امید دلائی، لیکن 29ویں اوور میں چماری اتھاپاتھو نے ناجیہ علوی کو 30 رنز پر آؤٹ کر کے اہم شراکت ختم کر دی۔ اس کے بعد پاکستان نے صرف 47 رنز کے اضافے پر آخری چار وکٹیں گنوا دیں اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 187 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
سری لنکا کی جانب سے چیتھانا وِمکتھی، چماری اتھاپاتھو اور کاویشا دلہاری نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ انوکا راناویرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیمیں اب دمبولا میں تین میچوں پر مشتمل ویمنز ٹی20 انٹرنیشنل سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔ سیریز کے مقابلے 31 جولائی، 2 اگست اور 4 اگست کو کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو 90 رنز سے شکست






